عقیدہ ختم نبوت پہ تحقیق کیلئے مستند کتب سرچ و کاپی کی سہولت کے ساتھ دستیاب ہیں
تعارفِ کتاب
الحمدللہ وسلام علی عبادہ الذین اصطفی!
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مرکزیہ خواجہ خواجگان حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحب زید مجدہم کندیاں شریف نے اپنے ایک مکتوب میں ملک بھر بلکہ دنیا بھر کے علماء اور خطبا سے اپیل فرمائی تھی کہ: ’’آپ کو معلوم ہے کہ قادیانی، مرزائی اندر ہی اندر مسلمانوں کو مرتد بنانے میں مصروف ہیں، میں آپ حضرات سے اللہ کے نام پر اپیل کرتا ہوں کہ مہینہ میں کم از کم ایک مرتبہ اپنے خطبہ میں تحفظ عقیدہ ختم نبوت اور مرزا غلام احمد قادیانی اور اس کی جماعت کے خطرناک عزائم اور مکروہ چہرہ کے متعلق نوجوانوں کو آگاہ فرمادیا کریں تاکہ ہم حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حق کو ادا کرنے میں خدا کے ہاں اجر کے مستحق بن سکیں۔ امید ہے کہ آپ توجہ فرمائیں گے۔ والسلام
فقیر خان محمد عفی عنہ خانقاہ سراجیہ۔‘‘
اس پر بعض اصحابِ رائے حضرات نے یہ تجویز دی کہ مساجد کے ائمہ، خطبا اور علماء کی راہنمائی اور یہ بیان و خطاب کی تیاری کے لئے کوئی ایسی بنیادی راہ نما کتاب بھی ضرور ہونی چاہئے جس کو پڑھ کر حضرات خطبا اور علماء عقیدہ ختم نبوت اور تردید قادیانیت پر تیاری کرسکیں اور متعلقہ موضوع پر انہیں پورا مواد یکجا مرتبہ شکل میں مل جائے، اس لئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی راہنما شاہین ختم نبوت حضرت مولانا اللہ وسایا دامت برکاتہم نے برادر عزیز مولانا محمد اعجاز، مولانا قاضی احسان احمد طول عمرہ کی ذمہ داری لگائی کہ وہ اپنے اکابر کی کتب، تقاریر اور خطبات سے ماخوذ ایسے ۱۲ خطبات اور تقریریں مرتب کریں، جن سے حضرات علماء اور خطبا کی اس سلسلہ میں معاونت ہوسکے۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے ان ہر دو حضرات کو جنہوں نے اپنی دوسری مصروفیات کے ساتھ ساتھ اس کام کو بھی جنگی بنیادوں پر سرانجام دیا۔ یوں بہت جلد ۱۵ خطبات پر مشتمل یہ کتاب مرتب ہوکر آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ امید ہے کتاب عوام و خواص اور علماء و خطبا کے لئے بے حد مفید اور مسئلہ ختم نبوت کے سمجھنے اور تردید قادیانیت میں مددگار ثابت ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کتاب کے مرتبین اور ناشر کی مغفرت اور قارئین کی راہ نمائی کا ذریعہ بنائے۔آمین۔